حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ضلع کُرم خصوصاً پارا چنار میں قیام امن اور بنیادی انسانی ضروریات کی بروقت فراہمی کے سلسلے میں سربراہ مجلس وحدت مُسلمین پاکستان سینیٹر علّامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین خان گنڈاپور کے درمیان بات چیت ہوئی ہے، جس میں ضلع کُرم میں قبائلی تنازعات کے مستقل حل، پائیدار امن کے قیام، سڑکوں و راستوں کی بحالی، بیماروں و زخمیوں کی پشاور و اسلام آباد منتقلی اور ادویات و اشیائے ضروریہ کی فوری فراہمی سمیت فضائی سفری سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اِس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پارا چنار کے مسائل کے حل کے لیے صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لائے گی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی اور غفلت نہیں برتی جائے گی۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیر اعلیٰ کے پی کے سے کہا کہ صوبائی حکومت شہداء کے اہل خانہ کی بحالی کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کرے، سرکاری خرچ پر زخمیوں کے مُکمل علاج معالجے اور تباہ شدہ مکانات کی تعمیر نو کو یقینی بنایا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے شہداء کے لواحقین کے لیے نقد امداد اور زخمیوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے بہترین طبّی سہولیات کی فراہمی اور تباہ شدہ مکانات کی تعمیر نو کے مطالبات پر فوری عمل درآمد کا یقین دلایا۔
انہوں نے سربراہ مجلس وحدت مُسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی وطن عزیز پاکستان میں قومی وحدت و اخوت کے قیام، حقیقی جمہوری جدوجہد اور عوامی حقوق کی بحالی کے لیے کی جانے والی گراں قدر خدمات کو خوب سراہا اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے صوبائی حکومت کی جانب سے جان بچانے والی ادویات کی پشاور سے پارہ چنار ترسیل کے لیے وزیر اعلیٰ کے خصوصی ہیلی کاپٹر کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا اور اِس اُمید کا اظہار کیا کہ ضلع کُرم میں درپیش مسائل کے دیرپا حل کے لیے کے پی کے حکومت آئندہ بھی اپنا بھرپور اور مؤثر کردار ادا کرے گی۔